Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
حمید ؔہنری:تعارف - فاختہ

حمید ؔہنری:تعارف

حمید ہنری مکمل تعارف مطالعات: 86 پسند: 0

حمید ؔہنری: تعارف

حمید ہنری ایک معروف مسیحی ادیب، شاعر، گیت نگار اور دانشور ہیں۔ وہ بیک وقت اردو اور انگریزی میں لکھتے ہیں۔ اور طویل عرصہ سے درس و تدریس، صحافت، ادب و شاعری اور تصنیف و تالیف کے شعبوں میں مصروفِ عمل ہیں۔ ان کی مطبوعہ کتابوں کی تعداد 20 ہے جن میں 11 اردو اور 9 کتابیں انگریزی میں ہیں۔ جن میں گیتوں کا مجموعہ ’’گیت گاؤں کا میں‘‘ بھی شامل ہے۔

ان کی ادبی و سماجی خدمات کے اعتراف میں انہیں مندرجہ ذیل ایوارڈز سے نوازا گیا:

کل پاکستان ادبی مسیحی کانفرنس ایوارڈ (2016)

شعبۂ شاعری میں پاکستان کرسچین رائٹرز گلڈ کا ’’جی۔ایم۔فیلکس‘‘ ایوارڈ (2019)

تحقیق، ادب و شاعری میں ادبی خدمات پر ساؤتھ ایشین کرسچیٗن رائٹرز ایسوسی ایشن اور ساؤتھ ایشین منارٹی رائٹرز ایسوسی ایشن، اٹلی کی تعریفی سند اور ایوارڈ (2021)

عوام دوست ادب، شاعری اور صحافت، مقامی تھیالوجی، درس و تدریس، برادری کی سطح پر اداروں کی تشکیل اور سماجی خدمات کے اعتراف میں پاکتان کرسچیٗن کونسل انٹرنیشنل کی جانب سے لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ (2022)

توصیفی سند: انتخاب برائے ’’لکھیں بچوں کے گیت‘‘ از حبیب یونیورسٹی، سینٹر فار ساؤتھ ایشین میوزک، کراچی (2023)

وہ انسانی حقوق اور سماجی انصاف سے متعلق بین الکلیسیائی تنظیم، ادارۂ امن و انصاف، کراچی کے ماہنامہ ’’جفاکش‘‘ کے چیف ایڈیٹر اور Justice & Peace Newsletter کے ایڈیٹر بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے مضامین اور شاعری مختلف اخبارات و جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ انہوں نے ریڈیو اور پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے کرسمس اور ایسٹر کے حوالے سے متعدد پروگراموں کے اسکرپٹ اور گیت بھی لکھے۔ ان کے گیتوں کے تین مشہور آڈیو کیسٹ ’’قدم قدم صلیب‘‘، ’’نویدِ مسیحا‘‘ اور ’’محنت کشوں کے گیت‘‘ ہیں، جن کو عوام میں پذیرائی ملی۔

کلیسیائی اور عوامی تنظیموں کے ساتھ طویل وابستگی کے دوران انہوں نے بحیثیت شریک بانی ادارۂ امن و انصاف اور مکتبۂ عناویم پاکستان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔

حمید ہنری نے مجموعی طور پر ادب، درس و تدریس، مقامی تھیالوجی، بین الکلیسائی اتحاد، بین المذاہب مکالمے، سماجی انصاف اور برادری کی تنظیم و تحرک کے میدانوں میں نمایاں خدمات سر انجام دیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بین الاقوامی کانفرنسز اور سیمینارز میں مختلف موضوعات پر مقالے بھی پیش کیے، جن کا اہتمام میری نول اسکول آف تھیالوجی، امریکہ (Maryknoll School of Theology, USA)، کرسچیٗن کمیونیکیٹرز نیٹ ورک آف ورلڈ کونسل آف چرچز، جنیوا (Christian Communicators Network of World Council of Churches, Geneva)، کرسچیٔن کانفرنس آف ایشیا ہانگ کانگ (Christian Conference of Asia, Hong Kong)، فیڈریشن آف ایشین بشپس کانفرنسز، تھائی لینڈ (Federation of Asian Bishops' Conferences, Thailand) اور لے لیڈرز فورم، فلپائن (Lay Leaders Forum, Philippines) نے کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے میری نول اسکول آف تھیالوجی، امریکہ، ایکیومینیکل ایسوسی ایشن آف تھرڈ ورلڈ تھیالوجینز، انڈونیشیا (Ecumenical Association of Third World Theologians, Indonesia)، برادرہوڈ آف ایشین ٹریڈ یونینز (Brotherhood of Asian Trade Unions, Philippines)، اپوسٹولیک سوشل انسٹی ٹیوٹ، فلپائن (Apostolic Social Institute, Philippines) اور ایشین کریڈٹ کوآپریٹو ز یونینز، تھائی لینڈ (Asian Credit Cooperative Unions, Thailand) کے زیراہتمام تعلیمی ورکشاپس اور پروگراموں میں بہ حیثیت مندوب شرکت کی۔

حمید ہنری 26 نومبر 1949 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ کراچی یونیورسٹی سے ایم۔اے صحافت کی ڈگری لی اور نیشنل بنک آف پاکستان کے بعد ہمدرد یونیورسٹی سے منسلک رہنے کے بعد اس وقت سر سید یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ ٹکنالوجی، کراچی سے وابستہ ہیں۔ اور نیشنل کیتھولک انسٹی ٹیوٹ آف تھیالوجی (National Catholic Institute of Theology) کے Visiting Professor ہیں۔ قبل ازیں وہ کئی دیگر تعلیمی اداروں میں بھی جز وقتی درس و تدریس سے وابستہ رہ چکے ہیں۔
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید