Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
بشپ اندریاس رحمت - فاختہ

بشپ اندریاس رحمت

حمید ہنری صریرِ خامہ مطالعات: 56 پسند: 0

حمیدؔ ہنری صاحب ہمارے عہد کے ایک نامور لکھاری اور ادیب ہیں۔ خدا نے انہیں بے شمار خوبیوں سے آراستہ کیا ہے ۔وہ بیک وقت معلم، مترجم ، محقق اور شاعر ہیں۔ ان کی کئی کتب اردو اور انگریزی زبان میں منظر عام پر آچکی ہیں ۔ مجھے ان کے ساتھ کافی عرصہ سے کام کرنے کا تجربہ ہے۔ وہ بہت محنتی ، فرض شناس اور علم دوست انسان ہیں۔ وہ کافی عرصہ سے ریڈیو پاکستان کراچی اور ٹیلی ویژن کے لئے کرسمس ، گڈفرائی ڈے اور ایسٹر کے لئے پروگرام لکھتے رہے ہیں۔ اس طرح انہوں نے مسیحی تعلیم کے لئے خاص خدمات انجام دی ہیں، جن کے لئے وہ مبارکباد اور ستائش کے مستحق ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے مجھ سے اپنی شاعری کی کتاب کا ذکر کیا۔ تو میں نے ان سے یہ کتاب دکھانے کو کہا اور دیکھ کر حیران ہوا کہ یہ اتنی عمدہ شاعری ہے جس میں کرسمس، گڈ فرائی ڈے اور ایسٹر کے بہت سے گیت ہیں ۔جنہیںمشہور موسیقاروں نے کمپوز کیا اور نامور گلوکاروں نے گایا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بہت سے قومی اور دیگر موضوعات پر بھی طبع آزمائی کی ہے۔ان کی کتاب کا مسودہ پڑھ کر میں نے فوراً فیصلہ کیا کہ اسے شائع کر کے مومنین کے سامنے پیش کیا جائے۔تاکہ انہیں معیاری اور دلکش شاعری پڑھنے کوملے۔مجھے حمید ہنری صاحب کی کتاب ’’گیت گاؤں گا میں ‘‘ کوقارئین کے سامنے پیش کر کے دلی خوشی ہو رہی ہے۔ میں امید کرتا ہوںکہ اس کتاب میں شامل گیت ان چرچ کوائرز کے لئے بہت سود مند ثابت ہوں گے جو نئے نئے گیتوں کی تلاش میں رہتی ہیں ۔
میں حمید ہنری صاحب کا کاتھولک ادارۂ ادبیات ،پاکستان کی طرف سے شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ان گیتوں کو شائع کروانے کے لئے ہمارا انتخاب کیا۔ میری دعا ہے کہ خدا ’’گیت گاؤں گا میں ‘‘ کی اشاعت کے ساتھ ہی کاتھولک ادارۂ ادبیات ،پاکستان کو مزید فعال بنائے تاکہ پاکستانی کلیسیأ مزید مسیحی ادب سے فیض یاب ہو سکے۔

بہت سی دعاؤں کے ساتھ

بشپ اندریاس رحمت
بشپ آف فیصل آباد ڈایوسس
چیئرمین ،کاتھولک ادار ۂ ادبیات ،پاکستان
5 فروری 2021
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید