Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
آئرین فرحت، کراچی - فاختہ

آئرین فرحت، کراچی

عمانوئیل نذیر مانی صریرِ خامہ مطالعات: 52 پسند: 0

روشنی کا مُسافِر
زمانے کو روشنی بانٹنے والے، ہر دِلعزیز اور ہمہ جہت شخصیت کے مالِک عمانوئیل نذیر مانی وہ شاعر ہیں جنہوں نے دین اور دُنیا کو اپنی شاعری میں پُوری دیانت اور اِحساس کے ساتھ سمویا ہے۔ اُن کے اشعار میں گہرائی، سادگی اور اثر انگیزی کا حسین اِمتزاج مِلتا ہے۔ وہ خُود کہتے ہیں:

تب سے ہے آنکھ کشمکش میں مِری
جب سے مَردُم شِناس ہو گئی ہے

گُزشتہ تین دِہائیوں کا تجربہ اُن کی شاعری میں نُمایاں نظر آتا ہے۔ اُن کے اَشعار دِلوں میں اُترنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جیسا کہ یہ خوبصورت شعر:

چشمِ تر کو خبر نہیں مانیؔ
زخم کیسے کہاں چھُپانا ہے؟

شاعری وہی دِلوں کو چھُوتی ہے جِس میں دَرد اور سچّائی ہو۔ اِنسانی اِحساسات کو شِدّت سے محسوس کرنے والے یہ شاعر کہتے ہیں:

مُسکرائوں، تو کِس طرح مانیؔ
میری بستی کے لوگ روتے ہیں
مَحبّت ایک آفاقی جذبہ ہے اور مانیؔ صاحب کی شاعری عِشقِ حقیقی اور عِشقِ مجازی دونوں کے حسین رنگوں سے آراستہ ہے۔ ان کا یہ شعر دیکھئے:

تنہائی کا خوف ڈرانے لگتا ہے
جب وہ مُجھ سے ہاتھ چھُڑانے لگتا ہے

خواہ وہ بولیں، لِکھیں یا خاموش رہیں، اُن کی ہر ادا سیکھنے اور سمجھنے والوں کو کُچھ نہ کُچھ عطا کرتی ہے۔ جیسا کہ وہ خُود کہتے ہیں:

خامشی تیری مُجھ میں بولتی ہے
تیرا اِظہار ہو گیا ہُوں مَیں

متعدد شعری مجموعوں کے خالِق عمانوئیل نذیر مانیؔ کو اُن کی ادبی خِدمات کے اِعتراف میں کئی اعزازات سے نوازا جا چُکا ہے۔ آج بھی وہ ادب، سماج اور مذہب کے میدان میں گَراں قدر خِدمات انجام دے رہے ہیں، جِس کا خُوبصورت اِظہار اُن کے اِس شعر میں جھلکتا ہے:

پُورا سُورج ڈبویا ہے مَیں نے
تب کہیں جا کے چاند نِکلا ہے

عمانوئیل نذیر مانیؔ مکالمہ ٹی وی UK انٹرنیشنل کے بانی و چیئرمین ہیں۔ میرے لئے یہ خُوشی اور فخر کی بات ہے کہ مَیں اُن کے ساتھ بطور چیئرپرسن خِدمات انجام دے رہی ہوں۔ مکالمہ ٹی وی کے پلیٹ فارم سے ادبی، مذہبی اور سماجی پروگرام پیش کیے جاتے ہیں اور وہ اِس ذمہ داری کو مُستقل مِزاجی اور محنت سے نِبھا رہے ہیں۔
اُن کی ہمہ جہت شخصیت کا ایک نُمایاں پہلو خُدا کے کلام کو لوگوں تک پہنچانا بھی ہے۔ پاکستان میں ایک عرصے تک بطور پریسٹ خدمات انجام دینے کے بعد اب وہ برطانیہ میں پیرش پریسٹ کے طور پر مذہبی فرائض محبت اور اِخلاص کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
عِزّت، دولت، مَحبّت اور شہرت کم لوگوں کو ایک ساتھ نصیب ہوتی ہیں مگر مانیؔ صاحِب کو یہ سب بڑی فراوانی سے مِلا ہے۔ وہ روشنی کو دُنیا میں عام کرنا چاہتے ہیں اور روشنی ہی زِندگی کی نوید ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اُن کا تازہ ترین شعری مجموعہ ’’روشنی بانٹ دو زمانے میں‘‘ اُمید اور آگہی کی روشنی کے ساتھ مُجسّم ہوا ہے۔
مُجھے قوی اُمید ہے کہ یہ شعری مجموعہ اپنی روشنی، خُوشبو اور رنگوں سے قارئین کے دِلوں میں ایک مُنفرد مُقام بنائے گا۔


دُعا گو
آئرین فرحت
کراچی
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید