Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
نئے سال کی شروعات کیسے کریں ۔۔۔؟ - فاختہ

نئے سال کی شروعات کیسے کریں ۔۔۔؟

شاہد ایم شاہد مضامین مطالعات: 53 پسند: 0

نئے سال کی شروعات کیسے کریں ۔۔۔؟

"نئے سال کے موقع پر قارئین کے لیے نئی باتوں کے ساتھ ملاقات جس میں کچھ گزشتہ سال کا احوال ،عہد و پیماں، امنگیں، امیدیں، ترجیحات ،منصوبے ،خیالات، خواہشات اور پندونصاح کے ساتھ کچھ غذائی مواد جو دعا اور دواکی صورت میں ہماری جسمانی اور روحانی ضرورت پوری کرے_اسی مناسبت سے قارئین کے تجسس کے لیے رشک و تحسین سے مزین ایک پر اسرار تحریر پیش خدمت ہے "

یہ قانونی قدرت ہے کہ ہر سال تاریخ کے اوراق میں اچھی اور بری یادیں انسانیت کا پرسان حال بیان کرنے کے لیے سنہری حروف سے قلمبند کی جاتی ہیں تاکہ وہ باتیں اور واقعات دنیا کے لئے سند اور گواہ بن کر رہیں _اگر ہم فکری تنوع کے ساتھ 2020 کا عملی جائزہ لیں تو ہمیں یہ سال کرونا وائرس کے نام منسوب کرنا پڑے گا کیونکہ اس سال ہمارے بہت سے منصوبے، ارادے، ترجیحات ،روپیہ پیسہ اور زندگی یہ وائرس چاٹ گیا اور ابھی تک اپنے اثرات فتور کے باعث انسانیت کا شیرازہ چاٹ رہا ہے _نہ جانے یہ سزا ہمیں ابھی کب تک بھگتنا پڑے گی_اور کتنی نسلوں کو ابھی اس کا قرض ادا کرنا پڑے گا ؟خیر قبل از وقت کچھ کہنا مشکل ہے کیونکہ اعداد وشمار وقت کے ساتھ ہی با خبر رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں _

اب تک کرونا وائرس کروڑں لوگوں کی زندگیاں چاٹ چکا ہے _شاید لوگوں کے ذہن و قلب میں بھی یہ بات نہ ہوگی کہ ایک ایسا وائرس دنیا میں سر اٹھائے گا جو معاشرتی فاصلوں کے ساتھ ساتھ موت کا بھی سندیسہ دے گا ؟
خیر زندگی اور موت کا اختیار تو خدا کے پاس ہے جو دنوں مہینوں اور سالوں کی بابت جانتا ہے اس نے ہماری زندگی کی حدوں کو ٹھہرایا ہوا ہے کوئی انہیں عبور نہیں کر سکتا _ہم سب خدا کی محبت و شفقت کے محتاج ہیں البتہ اس بات میں ایک منفرد سچائی ہے کہ خدا کسی کی ہلاکت نہیں چاہتا بلکہ سب کی توبہ تک نوبت چاہتا ہے

آج رات ہم 2021 میں قدم رکھنے والے ہیں _اور سورج کی کرنیں اپنا سفر طے کر کے شب کے پہروں میں ڈھل چکی ہیں اور پھر اسی محور کو ایک سال کے لئے روزانہ شب و روز اپنا سفر طے کرنا ہوگا یہ کوئی انوکھا یا منفرد سال تو نہیں ہے البتہ روز اول سے یہ بات تاریخ کا حصہ بنتی آ رہی ہے اور جب تک دنیا باقی ہے یہ سلسلہ اسی طرح جاری و ساری رہے گا _لیکن اس بات میں ایک بات منفرد اور دلچسپی کا باعث ضرور بنتی ہے وہ وقت ہے _

اور دنیا میں یوں یوں وقت اپنی کروٹ بدل رہا ہے اسی شدت سے دنیا کے حالات و واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے مثلا کہیں وباؤں کا زور ہے، کہیں لڑائی جھگڑوں کا شور ہے ،کہیں قتل و غارت ہے ،کہیں بے دینی کے بڑھ جانے سے محبت ٹھنڈی پڑ گئی ہے ،کہیں رشتوں کا تقدس پامال ہو رہا ہے ،کہیں بدعتوں اور کباحتوں کا جنم ہورہا ہے ،کہیں خاندانی اثا ثے ختم ہو رہے ہیں ،کہیں شراب و جوئے کے اڈے چل رہے ہیں ،الغرض گناہ کی زنجیروں نے عالم انسانیت کو بری طرح جکڑ رکھا ہے اور پاؤں میں بیڑیاں ڈال رکھی ہیں _
ایسے معلوم ہوتا ہے جیسے ہم بے مقصد زندگی گزار رہے ہیں
ہمارے ذہن و قلب میں صرف دولت کی دیوی اپنا بت بنا کر بیٹھ گئی ہے جسے ہم روزانہ سجدہ کرتے ہیں _بلکہ ہماری حالت زار یہ ہے کہ جس نے ہمیں اپنی شبیہ پر پیدا کیا ہے اسے سجدہ کرنے کے لیے ہمارے پاس وقت درکار نہیں _غیر معبودوں کی عبادت و پرستش ہماری زندگی کے اندر زور پکڑ رہی ہے _حقیقی روحانیت براہ نام ہو کر رہ گئی ہے شاید جس کا ہم دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن عملا زیرو ہیں _

نئے سال کی آمد کی ساتھ ہی انسان اپنی زندگی کی بہتری کے لیے منصوبہ بندی کرنا شروع کر دیتا ہے کہ رواں برس میرے فلاں فلاں منصوبہ جات ہیں _میں اپنے ٹارگٹ کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا _اور انسان اپنے جتن کے بل بوتے بہت سی کامیابیاں بھی خدا کی مدد کے ساتھ حاصل کرتا ہے _اور جن کاموں میں خدا کی مرضی شامل نہیں ہوتی وہ کام پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ پاتے _
وقت کی منصوبہ بندی کرنا بھی خدا کی ا تم نعمت ہے جس کے سانچےمیں ہر کسی کو ڈھلنا نہیں آتا _لیکن جو اس سانچے میں ڈھل جاتا ہے اس کی کوئی نہ کوئی شکل و صورت ضرور بن جاتی ہے _

بلاشبہ زندگی ایک مہلت کا نام ہے اور وہ روزانہ ہماری تربیت کرتی ہے ہم اپنی زندگی کی بھاگ دوڑ اپنے خدا کے ہاتھ دیں آئیں اس سال کے موقع پر سوچیں کہ ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا _ہم اس بات کا نتیجہ اخذ کرنے کے لیے سوالات کا ایک گوشوارہ بنا سکتے ہیں جو ہمیں کامیاب زندگی کے چند گر ضرور سکھا سکتا ہے _اچھی اور خوشگوار زندگی کے لئے سب سے اچھی اور اتم بات یہ ہے _

"اگر کوئی زندگی سے خوش ہونا اور اچھے دن دیکھنا چاہے تو وہ اپنی زبان کو بدی سے اور ہونٹوں کو مکر کی بات کہنے سے باز رکھے " (کتاب مقدس )
آئے رواں برس کچھ عہدو پیماں کی ساتھ مندرجہ ذیل باتوں پر عمل پیرا ہو کر دیکھں_
١_سب سے پہلے اپنے خداوند خدا کو اولین ترجیح دیں اس سے اپنا شخصی تعلق قائم کریں _
٢_ خدا سے بلاناغہ دعا کریں اور اپنے مقاصد میں خدا کی مرضی معلوم کریں _
٣_ جو چیز اپنے لئے پسند کرتے ہیں وہی دوسروں کے لئے پسند کریں_
۴_ کسی کا برا نہ چاہیں تاکہ ہمارا بھی برا نہ ہو _
۵_ دوسروں کے لیے لعنت نہ چاہیں بلکہ ان کے لیے دعا اور برکت مانگیں _
٦_ امن محبت اور صلح کے لیے اپنا دامن بڑھا ئیں _
٧_ لڑائی جھگڑوں سے بچیں کیونکہ یہ نسلوں کو سزا دیتے ہیں _
٨_ اپنے خاندان کے ساتھ مل کر دعا کا آغاز کریں تاکہ خاندان نجات پا سکے _
٩_ فرقہ بندی سے نکل کر انسانیت کے لیے کام کریں تاکہ ہماری آخرت سدھر سکے _
١٠_ دوسروں سے حسد کی بجائے کشادہ دلی کا مظاہرہ کریں کیونکہ حسد وہ دیمک ہے جو دماغ سے ضروری نمکیات چاٹ لیتی ہے _
١¹_ بغیر رنگ نسل اور مذہب کی ایک دوسرے کو پیار کریں کیونکہ ساری نسل انسانی فرزند آدم ہے _
١٢_ دوسروں کی راہ صاف کریں تاکہ ہماری راہ میں بھی کوئی کانٹے نہ بچھائے _
١٣_ اپنے مفاد کی خاطر دوسروں کا گلا نہ گھونٹیں تاکہ وقت سے پہلے ہمارا خون نہ بہے_
١۴_ نیکی کرنے میں پہل کریں کیونکہ نیکی ایک ایسا پھل ہے جو رائیگاں نہیں جاتا _
١۵_ جہاں تک ممکن ہو دوسروں کے کام آنے کی کوشش کریں اور خود غرضی کے ناسور کو اپنی زندگی سے نکال دیں _
١٦_ خواہشات کے حصار میں جلنے کی بجائے ہر ایک بات میں اس کی شکر گزاری کریں _

١٧_ جن کاموں میں کامیابی چاہتے ہیں ان کی شروع دن سے ہی دعا کریں کیونکہ دعا ایک ایسی غائبانہ کنجی ہے جو بند آسمان کھول دیتی ہے _

١٨_ تبدیلی کا عمل خود سے شروع کیجئے تاکہ وہ دوسروں کے لئے نمونہ ثابت ہو _

١٩_ اپنی زندگی کی سالانہ رپورٹ تیار کریں اور سوچ بچار کریں کہ میں نے کیا کھویا اور کیا پایا _
٢٠_ دوسروں سے جھوٹ بولنے سے گریز کریں کیونکہ جھوٹ اعتماد کا دشمن ہے _

میری دلی دعا ہے خدا ہم سب کو سال نو کی ڈھیروں خوشیاں عطا کرے تاکہ ہم اپنا زمینی سفر محبت کی دوڑ پر ختم کریں _اور دلوں سے سارے گلے شکوے مٹا کر ایک دوسرے کو خوش آمدید کہیں _
بلاشبہ پالوس رسول لکھتا ہے !

"پس جو مسیح میں ہے وہ نیا مخلوق ہے دیکھو پرانی چیزیں جاتی رہی سب چیزیں نئی ہوگیں "
اس دعا کے ساتھ اجازت چاہوں گا
خوش رہیں_
آباد رہیں _
آزاد رہیں _
تحریر و تحقیق :

ڈاکٹر شاہد ایم شاہد واہ کینٹ
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید