Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
پتھّروں کے دیس میں - فاختہ

پتھّروں کے دیس میں

ونسینٹ پیس عصیم مطالعات: 30 پسند: 0

پتھّروں کے دیس میں 
...
پتھّروں کے دیس میں چاروں طرف ماحول پر
ایک ہُو کا عالم اور ستارے
محوِ حیرت تک رہے تھے ، یوُں کہ جیسے،
منتظر تھے اُس گھڑی کے جب ہوائیں،
جو کہ کُچھ لمحات پہلے رُک چکی تھیں
گنگناتی اور لہراتی ہوئی، مژدۂ نازاں لئے
خوشبوؤں کے دیس سے ہوتی ہوئیں
چل پڑیں
پر ، نہ جانے اُن ہواؤں نے بھی دم سادھا تھا کیوں؟
شاید اِن ٹھنڈی، سُبک رفتار
مستانی ہواؤں نے سُنی ہو،
دُور پورب دیس سے آتے ہوئے،
اجنبی سے قافلے میں گھنٹیوں کی اِک صدا
ایسی پُر اسرار خاموشی میں، جبکہ
رات کے اُس وقت میں
کچھ گڈرئیے، اپنے گلوں کی حفاظت کے لئے
پتھّروں کے دیس میں
تھے بیاباں میں وہ محوِ گفتگو
یک بیک سب چونک اُٹھے جبکہ
کب سے منتظر، تاروں نے آنکھیں موند لیں۔
اَور، ہر جانب عجب اِک روشنی سی چھا گئی
اور فضا میں گیت سے کُچھ گھل گئے
آسمانی لشکروں کے گیت گانے کی صدا میں
چیخ کی آواز اُٹھ کر دب گئی، جو کہ
اُن، پتھّر کے ٹیلوں سے پرے
کرب میں ڈوبی ہوئی تھی، ایسے
جیسے روشنی کے خوف سے
اندھی دُنیا کےمکیں
اور ترنّم ریز اس ماحول میں
دامنِ مشرق سے اِک تاباں ستارا
یوں خراماں، اِک طرف کو چل پڑا
جیسے وہ کچھ دیر پہلے
روشنی کے دیس سے
صبحِ تاباں کا لباسِ فاخرانہ اوڑھ کر
چل پڑا ہو
ایسی منزل کا پتہ دینے کو جو
مِل سکی نہ محوِ حیرت، منتظر،
اُن تکتے تاروں کو کبھی، اور
اِس ماحول کے ، گم گشتہ،
چلتے کارواں میں آنے والوں کو کبھی
اور پھر اِس ناچتے ماحول میں
آسمانی عید کے تہوار پر،
فلک کے چند باسیوں نے،
پتھّروں کے دیس میں
اُن گڈریوں کو، یہ اِک مُژد ہ دیا
شاہِ عالم ، مالکِ عرشِ بریں نے
عرش سے آ کر بسیرا، چند تنکوں سے ڈھکی
اِک چھوٹی چرنی میں کیا
اور اب وہ آ گیا تھا
پتھّروں کے دیس میں
تاکہ اُس معصوم کو ، جو کہ چیخا تھا ابھی
کچھُ دیر پہلے ، دُور
اِن پتھر کے ٹیلوں سے پرے
ابدیت کا ، چین دے ، آرام دے
پتھّروں کے دیس میں
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید