Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
کیوں تو اِس دَور میں خاموش ہے ملت کے امیں - فاختہ

کیوں تو اِس دَور میں خاموش ہے ملت کے امیں

گریفن جونز شرر نظمیں مطالعات: 89 پسند: 0

کیوں تو اِس دَور میں خاموش ہے ملت کے امیں
تجھ میں غیرت نہیں یا جراتِ اظہار نہیں
تو کبھی حق کے لئے جان دیا کرتا تھا
تجھ میں اب ذوقِ عمل، عظمتِ کردار نہیں
۔۔۔
تیری دنیا میں ہے آباد امارت کا شکوہ
میری دنیا میں تباہی کے سوا کچھ بھی نہیں
تیری راتوں میں تو روشن ہیں جواہر کے کنول
میری قسمت میں سیاہی کے سوا کچھ بھی نہیں
۔۔۔
میری نس نس میں دھڑکتا ہے صداقت کا لہو
تیری سوچوں میں حماقت کے سوا کچھ بھی نہیں
میرے گلشن میں چھلکتے ہیں محبت کے سبو
تیرے ایوانوں میں عداوت کے سوا کچھ بھی نہیں
۔۔۔
میرا گمنانی میں مرنا تو کوئی بات نہیں
مجھ کو ہر تنگ گزرگہ سے گزرنا ہو گا
صحنِ ہیکل میں جسے تو نے سجا رکھا ہے
مجھ کو اس دار پہ ہر حال میں مرنا ہو گا
۔۔۔
کس قدر فرق ہے ہم دونوں کی تقدیروں میں
کوئی اس فرق کو اب کیسے مٹا سکتا ہے
تیرا بنگلہ ہے، میرے پاس تو کٹیا بھی نہیں
کون قسمت کی لکیروں کو مٹا سکتا ہے
۔۔۔
سوچتے سوچتے گو دن تو گزر جاتا ہے
رات جب آتی ہے تو آ کے ٹھہر جاتی ہے
قوم کی فکر میں گو نیند نہیں آنکھوں میں
کیا صلیبوں پہ شرر موت بھی مر جاتی ہے
۔۔۔
ہائے وہ پھول جو ایماں کے اُگا کرتے تھے
کیا ترے دل میں کبھی پھر سے اُگیں گے کہ نہیں
جو کنول شوکتِ افکار کے کھلتے تھے کبھی
کیا ترے دل میں وہی پھر سے کھلیں گے کہ نہیں
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید