Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
رفاقت کا کوہِ نور (ڈاکٹر طالب شاہ آبادی کی انگلستان سے رُخصت کے بعد) - فاختہ

رفاقت کا کوہِ نور (ڈاکٹر طالب شاہ آبادی کی انگلستان سے رُخصت کے بعد)

گریفن جونز شرر نظمیں مطالعات: 73 پسند: 0

وه ترجمان محبت چلا گیا بھارت
مسیحی قوم کی عظمت چلا گیا بھارت
۔۔۔
وہ جس کے درد کا انداز ہی انوکھا ہے
وہ کوہ نور رفاقت چلا گیا بھارت
۔۔۔
وہ بات بات سے دل کو تراشنے والا
صداقتوں کی حقیقت چلا گیا بھارت
۔۔۔
جو اس کی ذات سے ہیں باخبر وہ کہتے ہیں
علیم رمز محبت چلا گیا بھارت
۔۔۔
دلوں میں چاند ستارے بکھیرنے والا
ضیائے حق و صداقت چلا گیا بھارت
۔۔۔
وه خوش خصائل و خوش فکر و غمگسارِ چمن
وہ درس مہر و مروّت چلا گیا بھارت
۔۔۔
وہ اپنے ہوں کہ پرائے تھا سب کا دلدادہ
نوائے رازِ حقیقت چلا گیا بھارت
۔۔۔
حصار فکر میں سولی کا چاہنے والا
شعور دار کی وسعت چلا گیا بھارت
۔۔۔
کوئی دبا نہ سکا گرمئی کلام اس کی
وہ آفتابِ خطابت چلا گیا بھارت
۔۔۔
جو پھیلتا ہی رہے گا زماں کے زینوں پر
مسیح کی وہ صداقت چلا گیا بھارت
۔۔۔
اُسے بھلانے کی سب کوششیں ہیں لا حاصل
وه تشنہ قوم کا امرت چلا گیا بھارت
۔۔۔
خزاں کے دور میں دیتا رہا پیام بہار
وه ماهِ چرخِ فراست چلا گیا بھارت
۔۔۔
ملا نہ اس کے سوا غمگسار کوئی ہمیں
وه پاسبانِ عیادت چلا گیا بھارت
۔۔۔
برائے خدمتِ ملت جو پیش پیش رہا
وہ نیک صورت وسیرت چلا گیا بھارت
۔۔۔
ہے جس کو پیار شررؔ سے شررؔ کی نظموں سے
وه روح و جانِ لطافت چلا گیا بھارت
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید