Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
ظلمت کے تلاطم سے اُبھر جائیں گے ہم لوگ - فاختہ

ظلمت کے تلاطم سے اُبھر جائیں گے ہم لوگ

گریفن جونز شرر غزلیات مطالعات: 50 پسند: 0

ظلمت کے تلاطم سے اُبھر جائیں گے ہم لوگ
بہتے ہوئے قلزم سے گزر جائیں گے ہم لوگ
۔۔۔
گر اپنی تباہی کا یقیں ہونے لگے گا
بے خوف سفینوں سے اُتر جائیں گے ہم لوگ
۔۔۔
آہوں کی گھنی چھاؤں میں شہنائی بجے گی
گلفام صلیبوں پہ جو مر جائیں گے ہم لوگ
۔۔۔
گتسمنی کے ویرانے سے آتی ہیں صدائیں
پو پھٹنے سے پہلے ہی سنور جائیں گے ہم لوگ
۔۔۔
آ پہنچے کلیسا میں خرابوں سے نکل کر
یاں سے نہیں معلوم کدھر جائیں گے ہم لوگ
۔۔۔
ہر گز نہ یہوداؤں کے روکے سے رُکیں گے
منزل ہے سرِ دار ٹھہر جائیں گے ہم لوگ
۔۔۔
آلام کے شعلوں کی تپش کام کی ہوگی
تپ تپ کے سدھرنے سے نکھر جائیں گے ہم لوگ
۔۔۔
مرنے پہ ہمیں اہلِ چمن یاد کریں گے
جو ہو نہ سکا کام وہ کر جائیں گے ہم لوگ
۔۔۔
ہم پاس صلیبوں کے شررؔ آ تو گئے ہیں
شاید نہ کبھی لوٹ کے گھر جائیں گے ہم لوگ
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید