Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
مجھ کو مت روکو جو کرتا ہوں کئے جانے دو - فاختہ

مجھ کو مت روکو جو کرتا ہوں کئے جانے دو

گریفن جونز شرر غزلیات مطالعات: 58 پسند: 0

مجھ کو مت روکو جو کرتا ہوں کئے جانے دو
کلوری آج بلاتی ہے مجھے جانے دو
۔۔۔
میں نے غم ناک اسیری میں جنم پایا تھا
آج فرعون سے لڑتا ہوں لڑے جانے دو
۔۔۔
میری مظلوم مسافت کا ہے مقصود مسیح
وادیٔ موت سے بھی مجھ کو پرے جانے دو
۔۔۔
وادیٔ سینا کی سنگریز چٹانوں کے تلے
منتظر جو بھی ہے سجدوں میں اسے جانے دو
۔۔۔
دامنِ شب میں کوئی چیخ سنی ہے میں نے
مجھ کو خونبار صلیبوں کے تلے جانے دو
۔۔۔
کل تلک جو مری خوشیوں میں تھے ساتھی میرے
مشکل آئی تو مجھے چھوڑ چلے، جانے دو
۔۔۔
پی کے خوں وقتِ عشا عہدِ وفا کرتا ہوں
یہ خطا ہے تو خطا مجھ کو کئے جانے دو
۔۔۔
دوش پر اپنے صلیبوں کو اُٹھانے والے
موت کی گود میں جیتے ہیں ، جئے جانے دو
۔۔۔
شعر لکھتا ہوں میں انجیل سے لے کر الہام
مجھ پہ الزام جو لگتے ہیں لگے جانے دو
۔۔۔
دل ہے قابو میں مگر میرا قلم بس میں نہیں
جو بھی لکھتاہوں مجھے خوب لکھے جانے دو
۔۔۔
اگلے وقتوں کے بھی حق گو ہوئے سنگسار بہت
مجھ پہ پتھراؤ جو کرتے ہیں کئے جانے دو
۔۔۔
میرے اشعار کی آتش سے شررؔ اُٹھتے ہیں
جو مری بزم سے جاتا ہے اُسے جانے دو
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید