Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
حمد - فاختہ

حمد

گریفن جونز شرر غزلیات مسیحی شاعری مطالعات: 174 پسند: 1

میں تیرے در پہ ہوں آیا مجھے مایوس نہ کر
نذر کو کچھ بھی نہ لایا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
رات بھر گھر کے کواڑوں کو کھلا رکھتا ہوں
تو میرے گھر میں نہ آیا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
میں صلیبوں کی چبھن سہہ کے جئے جاتا ہوں
جسم زخموں سے سجایا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
میں ہوں مسرف مجھے اے باپ گلے اپنے لگا
لُٹ لُٹا کر چلا آیا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
دل تہی، جان تہی، جام تہی، آنکھ تہی
دیکھ کیا کیا ہوں میں لایا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
لاش ملت کی میں کندھوں پہ لیے پھرتا ہوں
تو نے لعزر کو جلایا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
میں نہ کاہن ہوں نہ لاوی ہوں مگر تیرے حضور
سامری بن کے ہوں آیا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
میری حق گوئی پہ اس قوم کے حقدانوں نے
مجھے سولی پہ چڑھایا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
میں ہوں خاکسترِ دل پھر بھی اَنا باقی ہے
سر کو شعلوں میں چھپایا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
میری عظمت پہ میرے بھائیوں نے مجھ کو خدا
چاہِ زنداں میں گِرایا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
آج پھر مصر کے بازار میں تنہا ہوں میں
اک خریدار نہ آیا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
جان میری ہے مگر رُوح میرے بس میں نہیں
فدیہ یہ نذر ہوں لایا، مجھے مایوس نہ کر
۔۔۔
خون پیتا ہے شررؔ تیرا بدن کھاتا ہے
یومِ غم خوب منایا، مجھے مایوس نہ کر
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید