Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
آزادیٔ وطن - فاختہ

آزادیٔ وطن

ونسینٹ پیس عصیم غزلیات مطالعات: 44 پسند: 0

ہے مری چھت مری اپنی مرا آنگن اپنا
میری خوشبو مری اپنی مرا گلشن اپنا
...
خوش گلابوں کی مہک میری فضا میری ہَوا
نسترن جُوہی سے خوش رنگ ہے خرمن اپنا
...
میری شبنم مری بارش مرے موسم اپنے
میری گرمی مری سردی مرا ساون اپنا
...
میری مٹی مرا سونا مرا پانی چاندی
میری مضبوط چٹانیں مرا معدن اپنا
...
میری بنیاد میں فولادی لہو جذبوں کا
جس کی دیواریں ہوئیں ڈھال وہ مسکن اپنا
...
دل کی دھڑکن میں حرارت ہے تو وہ اپنی ہے
آتشِ عشق میں جلتا ہے تو ایندھن اپنا
...
کیوں کسی غیر کی آنکھوں سے منظر دیکھو
ہیں مرے اپنے جھروکے مرا چلمن اپنا
...
اک تصور تھا جو جذبوں سے عبارت تھا کبھی
اب وہ سپنا ہے حقیقت سے مزین اپنا
...
میری آزاد فضائیں مرا آزاد وطن
اور لپکنے کا جھپٹنے کا بھی ہے فن اپنا
...
درد اپنا ہے تو اِس درد کا درماں اپنا
اپنی آزادی سے جب ہو گیا بندھن اپنا
...
میری آزادی مرا ضبطِ نفس ہے دراصل
دوست خود اپنے ہوں تب کون ہے دشمن اپنا
...
ہے دُعا اب رہے آزادی یہ آزاد عصیم
ایک سا آئے نظر ظاہر و باطن اپنا
...
(مجموعۂ کلام ’’سُوکھے پتھر گیلی ریت‘‘ سے ماخوذ)
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید