Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
یہ ترے رُخ پہ غم و رنج کے گہرے آثار - فاختہ

یہ ترے رُخ پہ غم و رنج کے گہرے آثار

گریفن جونز شرر نظمیں مطالعات: 55 پسند: 0

یہ ترے رُخ پہ غم و رنج کے گہرے آثار
اور رخساروں پہ اشکوں کے یہ بہترے دھارے
ترے اُلجھے ہوئے بالوں کی یہ خستہ حالت
جیسے پت جھڑ میں ہوں کچھ پھول خزاں کے مارے
۔۔۔
یاد تو ہو گا کہ امی سے کہا کرتی تھی
تُو امیروں کی طرح ریشمی کپڑے پہنے
اور تفریح کو اک کار بھی موجود رہے
تیری گردن، تیری بانہوں میں پڑے ہوں گہنے
۔۔۔
اپنے عیاش ارادوں کو نبھانے کے لئے
کب جواں قوم کے آنکھوں میں جچا کرتے تھے
تیرے بے باک خیالات کی گستاخی پر
تیرے ماں باپ بھی خاموش رہا کرتے تھے
۔۔۔
آخر ایک غیر مسیحی سے لگایا دِل کو
مال و دولت کی وہ جھنکار سناتا آیا
تیری دیرینہ تمنا پہ بہاریں آئیں
تیرے جذبات و خیالات نے پلٹا کھایا
۔۔۔
تیری امی بھی یہ کہتی تھی چلو بیٹی کی
دل کی مرجھائی ہوئی ننھی کلی کھل تو گئی
جو تمنا تھی خیالات میں اس کے رقصاں
دولتِ عصمت و عزت کے عوض مل تو گئی
۔۔۔
آج جب وقت نے اک اَور ہے کروٹ بدلی
تیرے خوابوں کا وہی شیش محل توڑ گیا
وہ ترے ناز کے سپنوں کو سجانے والا
تجھ کو ٹھکرا کے ترے پیار سے منہ موڑ گیا
۔۔۔
بیچ دی جن کے عوض قوم کی عزت تُو نے
ان امنگوں نے تری روح کو آخر نوچا
حسرت و یاد کا اب پیکرِ تصویر ہے تو
ابتدا ہی میں نہ انجام کو تُو نے سوچا
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید