Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
گھروں میں سبزہ، چھتوں پہ گُلِ سحاب لئے - فاختہ

گھروں میں سبزہ، چھتوں پہ گُلِ سحاب لئے

نذیر قیصر غزلیات مطالعات: 36 پسند: 0

گھروں میں سبزہ، چھتوں پہ گُلِ سحاب لئے
ہوائیں پھیل گئیں نقش و رنگِ آب لئے
۔۔۔
شبِ سیاہ ڈھلی، صبح آشکار ہوئی
جبیں پہ زخم لئے ہاتھ میں گُلاب لئے
۔۔۔
میں ایک ڈولتا سایا زمیں کے قدموں میں
تو ڈھونڈنے مجھے نکلا ہے آفتاب لئے
۔۔۔
گزر گیا کوئی پہچانتا ہوا مجھ کو
پرانی یادوں کی شمعیں پسِ نقاب لئے
۔۔۔
بکھر کے جاتا کہاں تک کہ میں تو خوشبو تھا
ہوا چلی تھی مجھے اپنے ہم رکاب لئے
۔۔۔
اُبھر رہے ہیں کئی ہاتھ قلزمِ خون سے
کوئی ستارہ لئے، کوئی ماہتاب لئے
۔۔۔
ہوائیں پھرتی ہیں رستوں میں بال کھولے ہوئے
یہ رات سر پہ کھڑی ہے کوئی عذاب لئے
۔۔۔
عجب نہیں، کہیں تعبیر کوئی مل جائے
بھٹک رہا ہوں گِرہ میں ہجوم خواب لئے
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید